اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے صدر مقام پشاور میں بدھ کی صبح یہ بم دھماکہ سرکاری ملازموں کی حامل ایک بس کے راستے میں ہوا جس میں سولہ افراد جاں بحق اور پچاس دیگر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ یہ بس مردان سے پشاور آ رہی تھی۔ بم دھماکہ اس وقت ہوا جب بس، شہر میں داخل ہو رہی تھی۔اس بم دھماکے کی ذمہ داری ابھی کسی گروہ نے قبول نہیں کی ہے تاہم پاکستان میں خاص طور سے صوبے خیبرپختونخوا کے علاقوں میں اس قسم کے ہونے والوں بم دھماکوں کا ذمہ دار، انتظامیہ کی جانب سے طالبان گروہ کو قرار دیا جاتا رہا ہے۔ پشاور شہر، پاکستان میں بدامنی کے شکار علاقوں میں شامل ہے۔ دوسری جانب صوبے سندھ کے صدر مقام کراچی میں سیکورٹی فورسز نے ایک کارروائی کے دوران اغوا شدہ ایک نوجوان اور ایک بچّے کو بازیاب کراتے ہوئے کم از کم سات اغوا کاروں کو گرفتار کر لیا۔ پاکستان کی سیکورٹی فورسز نے اغوا کاروں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا۔ اغوا کاروں نے ان افراد کو رہا کرنے کے لئے ان کے اہل خانہ سے بھاری رقم کا مطالبہ کیا تھا۔
.......
/169